ویب ڈیسک: اسپیکر قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات میں پی ٹی آئی کے کئی اراکین قومی اسمبلی کے اسپیکر سے خفیہ رابطوں کا انکشاف ہوا ہے، چھ ارکان نے استعفوں پر اپنے دستخط جعلی قرار دے دیے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ ذرائع کے مطابق زبیدہ جلال، غلام بی بی بھروانہ، غلام محمد لالی نے ایوان کےحاضری رجسٹرمیں حاضری لگادی جبکہ نوازالہی، طالب نکئی نے اسپیکر کو چھٹی کی درخواست دےدی۔ اسپیکر راجا پرویز اشرف نے تمام حقائق پی ٹی آئی وفد کے سامنے رکھ دیے اور واضح کردیا کہ آئین و قانون کے تحت ایک ساتھ استعفے قبول نہیں کیے جاسکتے۔
اسپیکر نے کہا کہ ہر رکن کو اکیلے تصدیق کےلیے آنا ہوگا، یقینی بنائیں گے کہ کسی پر استعفے کےلیے دباو نہ ہو۔ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی کو پارلیمان میں واپسی کی دعوت دے دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے حاضری کی بنیاد پر تنخواہ لینے کا دعویٰ بھی کیا۔ اسپیکر کے انکشافات کے بعد اسد قیصر نے کہا کہ ’ہم اس بارے میں عمران خان سے بات کرکے آپ کو بتائیں گے‘۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور پرویزخٹک کو لاہور بلا لیا، دونوں پارٹی رہنما عمران خان سے آج زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو استعفوں پر واضح مؤقف کے لیے بلایا ہے۔