سب سے اچھا، سب سے بہتر کون؟ سی سی پی او کا سروے کروانے کا فیصلہ

سب سے اچھا، سب سے بہتر کون؟ سی سی پی او کا سروے کروانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی سرزنش کے بعد سی سی پی او گیلپ سروے کروائیں گے، سی سی پی او عمر شیخ نے گیلپ پاکستان کو سروے کیلئے درخواست کر دی۔

تفصیلات کے مطابق عمر شیخ نے لاہور پولیس کی تین ماہ کی کارکردگی پر گیلپ سروے کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیلپ پاکستان لاہور پولیس کی 3 ماہ کی کارکردگی پر تقابلی رپورٹ تیار کریگی۔ پولیس رویوں میں تبدیلی اور شہریوں کے اعتماد کے حوالے سے سروے ہوگا۔

پولیس کی خامیوں اور شہریوں کی دادرسی کے حوالے سے بھی رپورٹ تیار کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ سروے کروانے کا مقصد ورکنگ میں بہتری کے اصل حقائق کو جاننا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جہاں جسٹس مس عالیہ سی سی پی او سمیت دیگر پولیس افسروں پر برہم ہوئیں۔ جسٹس مس عالیہ نیلم نے ملزم ارسلان جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ایس ایس پی سی آئی اے توصیف حیدر، ایس پی لیگل آصف علی شیخ سمیت دیگر پولیس افسران پیش ہوئے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے ایس ایس پی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جن کو طلب کیا تھا وہ کدھر ہیں؟ایس ایس پی نے جواب دیا کہ مجھے بھیجا گیا ہے۔ سی سی پی او صاحب کی رپورٹ لے کر حاضر ہوا ہوں۔

جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے کہ سی سی پی او کوجب بھی طلب کرتے ہیں، تو کبھی وہ وزیر اعلیٰ کے ساتھ میٹنگ میں ہوتے ہیں، کبھی کہا جاتا ہے کہ کسی اور مصروفت ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا جس افسر کی کوتاہی تھی اس کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔ 

جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں، آدھے گھنٹے کا وقت دے رہے ہیں، سی سی پی او پیش ہوں۔ عدالتی وقفے کے بعد سی سی پی او عمر شیخ پیش ہوگئے اور بروقت پیش نہ ہونے پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ ملزم کی جانب سے آذر لطیف خان ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست ضمانت میں استدعا کی گئی کہ ملزم بے قصور جیل میں ہے، درخواست ضمانت منظور کی جائے۔