(سٹی 42): حکومت کیخلاف اپوزیشن اتحاد کی تیاریاں جاری، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری آج عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے اہم ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آج سہ پہر 3 بجے طاہرالقادری سے ماڈل ٹائون میں ملاقات کریں گے۔ وفد میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، قمر زمان کائرہ اور رحمان ملک شامل ہوں گے۔ جس میں عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حصولِ انصاف کیلئے آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوگا۔
واضح رہے کہ 27 دسمبر کو مفاہمت کے بادشاہ آصف زرداری اور طاہر القادری میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں آج کے روز جمعہ کو ملاقات طے پائی تھی۔
کیا حکومت کیخلاف گرینڈ الائنس بن پائے گا؟ کیا عمران خان اور آصف زرداری ایک ساتھ بیٹھیں گے؟ سب سوالات کے جوابات عوامی تحریک کی اے پی سے جڑ گئے۔