ویب ڈیسک:بلوچستان میں سیلاب کے باعث صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو مزید پانچ روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے تعلیمی اداروں کو مزید پانچ روز کے لیے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے، جس کے تحت تمام سرکاری تعلیمی ادارے 5 ستمبر جمعہ تک بند رہیں گے۔وزیر تعلیم بلوچستان نصیب اللہ مری نےمیڈیا ٹاک میں بتایا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث بلوچستان کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو پانچ روزکے لیے مزید بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ فیصلہ سیلاب و بارشوں سے ہونیوالی حالیہ تباہی کے باعث کیا گیا، بیشتر سرکاری اسکولوں میں سیلاب پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ کئی اضلاع میں متاثرہ افراد کو اسکول و کالجز میں پناہ دی ہوئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ کراچی میں آج سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق گزشتہ دنوں بارش اور سیلابی ایمرجنسی کی صورتِ حال کے باعث اسکول بند رکھے گئے تھے تاہم آج سےکراچی میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ ضلعی انتظامیہ علاقے کی صورتِ حال دیکھ کراسکول بند کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ کے جانب سے سیلابی صورتحال اور بارشوں کے پیش نظر 24 اور25 اگست کو اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم بعد میں اسکولوں کی بندش میں مزید اضافہ کر تے ہوئے سندھ بھر میں سرکاری و نجی اسکول اور کالج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔