ملک اشرف:تحریک انصاف کے اسد زمان چیمہ نے ضمنی انتخابات میں ترقیاتی کاموں کو رکوانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، اور نکتہ اٹھایا کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام کرانا انتخابی قوانین کے منافی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی کہ درخواست میں اسد زمان نے ضمنی انتخابات کے اعلان کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر کام کو چیلنج کیا ہے۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پی پی 118 میں ضمنی الیکشن کے اعلان کے باوجود سیاسی مخالفین ترقیاتی کام کرا رہے ہیں اور مسلم لیگ ن کے ایم این اے خالد جاوید کی اہلیہ ضلع کونسل کی چیئرپرسن ہیں ، ان کے ایما پر ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ درخواست گزار نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد ترقیاتی کام کرانا انتخابی قوانین کے منافی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اورریٹرنگ افسر سمیت دیگر حکام کو درخواستیں دیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمنی انتخابات تک ترقیاتی کاموں کو روکا جائے۔