(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں ہوٹل پر سحری کے وقت پیش آئے واقعے پر سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے ویڈیو بیان جاری کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ہوٹل میں سحری کے لیے بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک ہی چند لوگ آئے اور حملہ کر دیا، ہوٹل پر موجو د لوگوں نے ردعمل دیا اور ان کےخلاف نعرے لگائے، لوگوں نے حملہ آوروں کو کرسیاں ماریں جس سے وہ لوگ فرار ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں ہوٹلوں میں جاکر بدمعاشی کریں گے، ہوٹل میں بیٹھے لوگوں نے ردعمل دیا جس پر حملہ کرنے والوں کو بھاگنا پڑا،پاکستان بدل چکا ہے، لوگ ان کے چہرے پہچان چکے ہیں، یہ خود غلام ابن غلام ہیں، میرے جیسے آدمی کا کیا بگاڑ سکتے ہیں۔
Qasim Khan Suri (@QasimKhanSuri) sends a message after the imported govt attacked him. #MarchAgainstImportedGovt #امپورٹڈ_حکومت_نامنظور pic.twitter.com/KZowqKRgen
— Tehreek-e-Insaf (@InsafPK) April 28, 2022
حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ بدمعاشوں کی حکومت آ چکی ہے، سرکاری گاڑیوں میں آکر دندناتے پھر رہے ہیں، لوگوں پر حملے کر رہے ہیں، اس طرح کے حملے شروع کیے تو عوام آپ کو جینے نہیں دیں گے۔
سابق ڈپٹی اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ ان کو سمجھ میں آ جانا چاہیے کہ بدمعاشیاں ملک قبول نہیں کر سکتا، عوام باشعور ہو چکے ہیں، ان لٹیروں سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح سحری میں اسلام آبادکی کوہسار مارکیٹ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور جمہوری وطن پارٹی کارکنوں میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا تھا، سوری نے جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں سے ہاتھا پائی کے معاملے پر اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔