(ملک اشرف) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان کا انصاف کی بروقت فراہمی کے حوالے سے ایک اور بڑا فیصلہ، لاہور میں کمرشل مقدمات کی سماعت کیلئے تین عدالتیں قائم کردیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے لاہور میں کمرشل مقدمات سننے کیلئے تین عدالتیں قائم کرنے کی منظوری دے دی، لاہور میں ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور دو سول ججز کی عدالتوں کو خصوصی طور پر صرف کمرشل مقدمات سننے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور امجد علی اور سول ججز عثمان سرور اور سائرہ ضیاء کو کمرشل مقدمات کی سماعت کیلئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کرنیوالی عدالتوں میں کمرشل مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، چیف جسٹس کی منظوری کے بعد رجسٹرار ہائیکورٹ بہادر علی خان نے متعلقہ سیشن ججز کو مراسلہ بھجوا دیا۔
دوسری جانب لاک ڈاؤن کے دوران وکلاء کی عدالتوں میں حاضری مزید کم کرنے کے حوالے سے بھی ایک اور بڑا فیصلہ کیا گیا، اب لاہور سمیت دیگر اضلاع کے وکلاء ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکیں گے،اس سے دور دراز سے آنے والے وکلاء کے لئے کورونا بچاؤکے ساتھ ساتھ ساتھ وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی ، سرکاری وکلاء بھی گھر یا دفتر سے تحریری دلائل ہائیکورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرار کو بھجواسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انصاف کی بروقت فراہمی اور وکلاء کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے تمام ارجنٹ نوعیت کے کیسز پرنسپل، سیٹ اور علاقائی بنچز میں لگانے کی منظوری دی تھی، 19 اپریل کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے زیر سماعت کیسز بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔