(سٹی 42) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، اب تک دنیا بھر میں کورونا سے 2 لاکھ 11 ہزار 894 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 30 لاکھ 57 ہزار 957 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں، امریکا بدستور پہلے نمبر پر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ تصدیق شدہ کیسز 10 لاکھ کے قریب تر پہنچ چکے ہیں۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 327 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14787 تک جا پہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ سندھ میں 92، پنجاب میں 95، بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سے کورونا وائرس کے 204 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5730 جبکہ صوبہ بھر میں اموات 95 ہوگئیں، 768 زائرین سنٹرز، 1925 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 2951 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب کے شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 1408 تصدیق شدہ مریض ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ لاہور میں 45 روز کے دوران 46 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، پنجاب میں 1380 افراد صحت یاب جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق اب تک کورونا وائرس کے 75229 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، میو ہسپتال میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 210، ایکسپو میں 04 ، پی کے ایل آئی میں 38، سروسز میں 42 ، جناح میں 24، جنرل میں 9، گنگارام میں 10، مزنگ ٹیچنگ ہسپتال میں 19، اور چلڈرن ہسپتال میں 8 مریض زیر علاج ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سمارٹ سیمپلنگ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ اس طریقہ سے مستقبل کے فیصلوں، لائحہ عمل پر آراء دینے کیلئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔