ویب ڈیسک: آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار سر مائیکل گیمبون 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
مائیکل گیمبون کو دنیا بھر میں ہیری پوٹر سیریز میں پروفیسر ایلبس ڈمبلڈور کا کردار ادا کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔انہوں نے اس سیریز کی 8 میں سے 6 فلموں میں جادوئی اسکول کے ہیڈ ماسٹر کا کردار ادا کیا تھا۔ہیری پوٹر سیریز کی اولین 2 فلموں میں یہ کردار رچرڈ ہیرس نے ادا کیا تھا جن کے انتقال کے بعد مائیکل گیمبون نے ان کی جگہ لی۔مائیکل گیمبون کی پیدائش آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں ہوئی تھی اور لندن کے رائل نیشنل تھیٹر سے انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا۔
5 دہائی طویل کیرئیر کے دوران ٹی وی، فلم، تھیٹر اور ریڈیو میں سرگرم رہے اور 4 بافٹا ایوارڈز بھی جیتے۔ان کے خاندان کی جانب سے جاری بیان میں اداکار کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نمونیا کے شکار ہوئے تھے۔نمونیا سے متاثر ہونے کے بعد وہ اسپتال میں زیرعلاج رہے، جہاں ان کا انتقال ہوا۔ہیری پوٹر سیریز کے علاوہ انہیں ایک ٹی وی سیریز میں Jules Maigret نامی سراغرساں کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔اداکاری کے شعبے میں ان کی خدمات پر انہیں 1998 میں سر کے اعزاز سے نوازا گیا۔