(راؤ دلشاد) ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز کی پرائس کنٹرول کارروائیوں کی رپورٹ جاری کردی،37 دکانوں پر پرائس کنٹرول کی خلاف ورزی پر 36 ہزار 500 کے جرمانے کئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیوں کی رپورٹ کے مطابق 360 مقامات کی چیکنگ کی گئی،37 خلاف ورزیاں پائی گئیں،36 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے سبزی و فروٹ منڈیوں میں پرائس کنٹرول پر سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کریں۔
دوسری جانب شہر میں مہنگائی کا راج برقرار ہے،سرکاری نرخنامے پر سبزیوں کی فروخت ممکن نہ ہو سکی، منافع خوروں نےعام آدمی کا جینا محال کر دیا۔مختلف علاقوں میں ٹماٹر100 سے150، لہسن300 سے350،ادرک 600 سے650، پیاز 60 سے70،آلو70 سے80 اورلیموں 180 روپےفی کلو تک میں فروخت ہوتے رہے۔
موسمی سبزیوں کی قیمتوں میں بھی کمی نہ ہو سکی،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نےعوام کومنافع خوروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کہیں بھی نظر نہیں آتے،انکا کہنا تھا کہ حکومت کم از کم سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کے لیےاقدامات کرے تاکہ عام شہری کا گزر بسر ممکن ہو سکے۔