( شہزاد خان ) شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کو منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے لاہور چیمبر کا احسن قدم، جیلانی پارک میں وال آف اقبال کی تقریب رونمائی کی گئی۔
نئی نسل کو عظیم شاعر کے افکار سے آگاہی کیلئے لاہور چیمبر نے مختلف محکموں کے تعاون سے جیلانی پارک میں وال آف اقبال یادگار قائم کردی ہے۔ اس حوالے سے جیلانی پارک میں پروقار تقریب سجائی گئی، جہاں قومی شاعر کے پوتے سینیٹر ولید اقبال، وزیرصنعت میاں اسلم اقبال، صدر لاہور چیمبر سیدالماس، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سہگل، نو منتخب عہدیدران صدر عرفان اقبال شیخ ، میاں زاہد جاوید، میاں انجم نثار، ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کامران لاشاری، سہیل لاشاری، معروف کارٹونسٹ جاوید اقبال اور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔
سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں بھی علامہ اقبال کے نام سے متعدد یادگاریں منسوب ہیں۔ لاہور چیمبر کی اس کاوش کو سراہتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے وال آف اقبال کو علامہ اقبال کے پیغام اور فکر کو پاکستانی معاشرے میں عام کرنے کی مہم میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
شرکا نے کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ اقبال کی فکر کا نتیجہ ہے، آج بھی پاکستانی قوم علامہ اقبال کی فکر اور شاعری سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے بحرانوں سے نجات پاسکتی ہے۔