(قیصر کھوکھر) کس کے سر پر سجے گا لاہور کا تاج؟؟ ڈپٹی کمشنر لاہور کی سیٹ کیلئے تین امیدوارمیدان میں آگئے، حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب چیف سیکرٹری سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے ذرائع کے مطابق تین اعلیٰ افسران ڈپٹی کمشنر لاہور تعینات ہونے کے لئے دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں، اِس حوالے سے کیپٹن (ر) انوار الحق، ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور شوذب سعید کے نام لئے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی سی لاہور کی تعیناتی کا حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، چیف سیکرٹری یوسف نسیم کھوکھر کی مشاورت کے بعد کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی سے متعلق ایس او پیز پرعملدرآمد کرانے میں ناکامی پر سابق ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کوعہدے سے ہٹا دیا تھا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور محمد اصغر کو فوری طور پر ڈی سی لاہور کا اضافی چارج دیدیا گیا تھا۔