عمر اسلم: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھانے کا معاملہ، مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی عظمی بخاری نے فیاض الحسن چوہان کے استعفی کے مطالبہ کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق عظمی بخاری کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومتی وزیر فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھانے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے، انکوائری رپورٹ کے مطابق فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے جبکہ صوبائی وزیر کے بیٹے کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14سے 30 کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہیڈ ایگزامینر ایسوسی ایٹ پروفیسر سلیم رمضان نے اختیارات سے تجاوز کیا اور نمبر بڑھائے جبکہ انکوائری رپورٹ میں پروفیسر سلیم رمضان کےخلاف ضابطے کی کاروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبائی وزیر فیاض چوہان سے فوری استعفیٰ لیا جائے، فیاض الحسن چوہان انکوائری رپورٹ میں قصور وار ٹھہرائے گئے ہیں، عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان نے سیاسی اثر رسوخ کو استعمال کرکے اپنے بیٹے کے نمبر بڑھائے اور اس واقعہ کے ذمہ دار ہیڈ ایگزامینر پروفیسر سلیم رمضان کےخلاف بھی محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔