سٹی 42: انسان انسان کو ماردیتا ہے،انسان جانوروں کو ہلاک کردیتا ہے ،یہ تو آپ نے اکثر سنا ہوگا،لیکن یہ کبھی نہیں سنا ہوگا کہ ایک جانور نے انسان کو قتل کردیا،ایک انسان جو اپنے ملک میں طاقتور سمجھا جاتا ہو۔جی ہاں ! فلپائن میں ایک لڑاکا مرغے نے پولیس چیف کو قتل کردیا۔۔
دی سٹریٹ ٹائمز کے مطابق فلپائنی حکومت نے کورونا کے خطرے کے باعث مرغوں کی لڑائی پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ پیر کے روز غیر قانونی طریقے سے مرغوں کی لڑائی جاری تھی جس پر پولیس نے چھاپہ مارا۔ لیفٹیننٹ کرسٹن بولوک نے لڑائی میں حصہ لینے والے ایک مرغے کو ثبوت کے طور پر اٹھایا لیکن مرغے کے پنجوں سے بندھے ہوئے ایک بلیڈ نے پولیس افسر کی شہ رگ کاٹ دی۔
شمالی سمر صوبے کے پولیس چیف کرنل آرنل آپود کے مطابق یہ ایک بدقسمت واقعہ تھا جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ جب مجھے پہلی بار بتایا گیا تو مجھے یقین ہی نہیں آیا، میرے 25 سالہ کریئر میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ میں نے اپنا ایک افسر مرغے کے بلیڈ کے ہاتھوں کھو دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مرغے کے پنجے پر لگے بلیڈ سے مرنے والے لیفٹیننٹ بولوک سین جوس ٹاؤن کے پولیس چیف تھے۔
خیال رہے کہ فلپائن میں مرغوں کی لڑائی کے دوران ان کے پنجوں سے تیز دھار بلیڈ باندھے جاتے ہیں تاکہ یہ اپنے مخالف مرغے کیلئے زیادہ قاتلانہ ثابت ہوں۔ یہ لڑائیاں ایک مرغے کے مرنے پر ہی ختم ہوتی ہیں