سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی نے پارٹی کے سینئیر رکن اور سابق وفاقی وزیر نئیر حسین بخاری کو پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا۔
صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد نئیر حسین بخاری کے سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے گزشتہ دانوں سیکرٹری جنرل اور پارٹی ترجمان کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ فرحت اللہ بابر پاکستانی پیپلز پارٹی کی شہید لیڈر بینظیر بھٹو کے قریبی معتمد اور ترجمان رہ چکے ہیں، وہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری کے بھی قریبی مشیروں میں شامل رہے ہیں اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ترجمان کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ ماضی میں 18 ویں ترمیم کی تیاری میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین وہ تنظیم ہے جو الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہے اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹوں کی تقسیم سمیت تمام آفیشل امور کے لئے اسی تنظیم کو استعمال کیا جاتا ہے۔
پارٹی کے چئیرمین آصف علی زرداری نے اب فرحت اللہ بابر کےاستعفے کے بعد نئیر بخاری کو سیکرٹری جنرل بنایا ہے وہ بھی ان کے پرانے ساتھیوں میں شامل ہیں اور پارٹی کی اسلام آباد تنظیم سے لے کر مرکزی عہدوں تک طویل عرصہ سے تسلسل کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس وقت تین پی والی پرانی پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی وہی ہیں۔۔