عمران خان تحریک انصاف کا پارٹی الیکشن لڑیں گے یا نہیں، شیر افضل کا دعویٰ اور ترجمان کی تردید

PTI Intraparty Election, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی اطلاع اور اس کے بعد ہونے والی قیاس آرائیوں کی تردید کر دی گئی ہے۔  انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین عمران خان کے نئی مدت کیلئے انتخاب میں حصہ نہ لینے کی اطلاع تحریک انصاف کے چئیرمین کے وکیل شیر افضل خان نے دی تھی۔ شیر افضل خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے باعث معزول وزیراعظم انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑیں گے۔

اب  تحریک انصاف نے ایڈووکیٹ شیر افضل مروت کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ قیاس آرائیوں کے حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، انٹرا پارٹی انتخاب  کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہم امور پر غور و خوض کا سلسلہ جاری ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کو نیا چیئرمین مل جائے گا۔ اس حوالے سے عمران خان نے جیل سے پارٹی کی کور کمیٹی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ مروت نے کہا، سابق وزیراعظم پی ٹی آئی کے نئے سربراہ کے لیے نام کا فیصلہ خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام آئینی اور قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد عمران خان دوبارہ پی ٹی آئی کے سربراہ بن جائیں گے۔

شیر افغل مروت کی جانب سے کئے گئےدعوؤں کا جواب دیتے ہوئے، اب پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارٹی انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو ’سختی سے مسترد‘ کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ 'عمران خان نے الیکشن لڑنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں بتایا،' انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ نے الیکشن سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کو نامزد کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے انٹراپارٹی انتخاب کے حوالے سے میڈیا میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید  کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر کروائے جانے والے انٹراپارٹی انتخابات میں عمران خان کے بطور چیئرمین حصہ نہ لینے کے حوالے سے سینئر رہنما کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ، طریقۂ کار اور امیدواروں کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی اس کا باضابطہ طور پر  اعلان کیا جائے گا۔

اس حوالہ سے سوشل پلیٹ فارم ایکس پر تحریک انصاف کے چئیرمین سے وابستہ پی ٹی آئی آفیشل اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ بھی کی گئی ہے جس مین کہا گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا.