رضوان نقوی: این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کا معاملہ،الیکشن کمیشن نے ویڈیو کا نوٹس لے لیا،ریٹرننگ افسر کی طرف سے کمشنر لاہور ، آئی جی پنجاب ، پیمرا اور نادرا کو نوٹس جاری، فوٹیج کا فرانزک کروا کر افراد اور عمارت کی شناخت کرکے ملوث شخص کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں پیسوں سے ووٹ خریدنے کے معاملہ پر الیکشن کمیشن نے ویڈیو کا نوٹس لے لیا۔ریٹرننگ افسر نے کمشنر لاہور،آئی جی پنجاب ، چیئرمین نادرا اور پیمرا کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ریٹرننگ افسر نے ویڈیو میں نظر آنے والے لوگوں کی شناخت کےلئے مدد مانگ لی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نادرا، پیمرا، پولیس اور کمشنر لاہور ویڈیو کا فرانزک کرکے30 نومبر تک رپورٹ دیں۔نوٹس میں فوٹیج کا فرانزک کروا کر افراد اور عمارت کی شناخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس ملوث شخص کو گرفتار کریں،چیئرمین پیمرا فوٹیج کا فرانزک کرائیں تاکہ جانچا جاسکے کہ فوٹیج اصلی ہے یا نہیں۔ چئیرمین نادرا کو فوٹیج میں موجود افراد کی شناخت کرنے کے ساتھ ساتھ ملوث افراد کا مکمل بائیو ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔