(زین مدنی)ضلعی انتظامیہ نے شہر لاہور کے تھیٹر ڈراموں کو رات دس بجے بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے باعث شہر لاہور کے تھیٹر ہالز کو رات دس بجے ڈراما بند کرنے کے احکامات صادر کردیئے ہیں ۔اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق محکمہ سکینڈری پرائمری ہیلتھ کی جانب سے احکامات موصول ہونے کے بعد تھیٹر ڈراموں کو دس بجے بند کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔تھیٹر ڈرامے پہلے رات گیارہ بجے شروع ہوتے اور رات ایک بجے اختتام پذیر ہوتے تھے۔
دوسری جانب شہر لاہور کے تھیٹر رات دس بجے بند کرنے پر تھیٹر پرڈیوسرز تذبذب کا شکار ہوگئے، چیئرمین پنجاب آرٹسٹ پرڈیوسرزتھیٹر ایسوسی ایشن قیصر ثناء اللہ خان کہتے ہیں کہ رات دس بجے بازار بند ہوتے ہی ڈرامے کیسے بند ہوسکتے ہیں؟ ڈراما شائقین اپنے کام ختم کرکے ڈراما دیکھتے ہیں، اگر ایسا ہوا تو تھیٹرز کو بند کرنا فنکاروں اورتکنیک کاروں کو بے روزگار کرنے کے مترادف ہوگا۔
چیئرمین پنجاب آرٹسٹ پرڈیوسرز تھیٹر ایسوسی ایشن نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صرف تھیٹرز ہی کورونا ایس او پیز کے مطابق چل رہے ہیں،دو گھنٹے کا ڈراما مکمل ایس اوپیز کے مطابق چل رہا ہے،سالہا سال سے ڈرامے کے یہی اوقات ہیں اور اسی اوقات پر ڈراما بزنس کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی وجہ سے پہلے ہی ڈرامے کا بزنس پچاس فیصد ہوگیا ہے، اس لئے حکومت کو چاہیے کہ فنکاروں اور تکنیک کاروں کو بے روزگار نہ کرے،اپنے نوٹیفکیشن کو واپس لیں،ہم ظلم کا یہ ضابطہ نہیں مانیں گے۔