بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کا معاملہ این سی او سی کو بھجوانے کا فیصلہ

بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کا معاملہ این سی او سی کو بھجوانے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

لوئر مال (علی اکبر) کابینہ کمیٹی برائے قانون نے کورنا میں اضافے کے باعث بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کو بھجوانے کی تجویز منظور کرلی۔ 

صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے قانون کا 41 واں اجلاس ہوا, جس میں صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، سیکرٹری قانون، سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی نے کورونا میں اضافے کے باعث پنجاب میں نئے بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات کی تاریخ طے کرنے کا معاملہ نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن سنٹر کو بھجوانے کی تجویز منظورکرلی, دیگر منظور کی جانے والی تجاویز میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے متعلق پنجاب گورنمنٹ بزنس رولز 2011ء میں ترامیم، قائداعظم سولر پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کیلئے کامران خورشید اوراحمد شاہ زیب کی نامزدگی، پنجاب ریگولیشن آف پلاسٹک شاپنگ بیگزایکٹ 2020ء میں ترمیم، پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ میں ایم پی ایز کی تقرری شامل ہے۔

 اجلاس میں رول 17 اے کے تحت پنجاب میں ریگولر تقرریوں کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، بورڈ آف ریونیو کی جانب سے پیش کی گئی وقف املاک پراپرٹی اینڈ ڈس ایبلڈ پرسنز ایکٹ 1975ء کی منسوخی کی تجویز مزید غور و خوض کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہےکہ تبدیلی سرکار  کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں بلدیاتی ایکٹ 2019 نافذ کیا جا چکا ہے، ایکٹ کے تحت اپریل 2020 تک بلدیاتی انتخابات کروائے جانے تھے لیکن پنجاب حکومت نے ایکٹ میں ترامیم کرکے فروری 2021 تک گیارہ ماہ کی توسیع لے لی تھی اب حکومت نے الیکشن کے انعقاد میں مزید 5 ماہ کی توسیع لینے کا فیصلہ کرلیا، اس مقصد کے لئے بلدیاتی ایکٹ 2019 میں توسیع کی ترمیم تیار کر لی گئی ہے جس کےمطابق بلدیاتی انتخابات جولائی 2021 تک کروائے جا سکیں گے۔

Sughra Afzal

Content Writer