ویب ڈیسک:ایک ہی روز میں وزیراعظم عمران خان کیلئے اچھی کے بعد بری خبر۔۔ بڑی اتحادی جماعت نے حکومت کو خیر باد کہنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی وطن پارٹی کے بعد بلوچستان کی حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کی حمایت کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف کا بی اے پی اور اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم ان کے مشکور ہیں۔ عدم اعتماد کے بعد جو حکومت بنے گی وہ بلوچستان کے مسائل حل کرے گی۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بہت جلد ہم شہبازشریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے اس وقت قومی اسمبلی میں 5 ارکان موجود ہیں۔ جن میں سے 4 ارکان اپوزیشن کا ساتھ دیں گے جبکہ ایک رکن قومی اسمبلی زبیدہ جلال حکومت کا ساتھ دیں گے۔ یاد رہے کہ زبیدہ جلال کے پاس اس وقت وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار کا عہدہ بھی ہے اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت کا اعلان کررکھا ہے۔