(وقاض احمد) اقبال ٹاؤن کے علاقے میں دکاندار کی فائرنگ سے ایک بہن کے قتل اور دو کے زخمی ہونے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا، پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق زینت بلاک کے رہائشی عمران خان کی مدعیت میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سبزہ زار کا رہائشی ملزم وارث عرف عدنان جو دکاندار اور مقتولہ کا محلے دار تھا نے فائرنگ کرکے تینوں بہنوں کو زخمی کر دیا تھا۔فائرنگ سے 40 سالہ شازیہ جاں بحق جبکہ 25 سالہ انمول اور 23 سالہ ساجدہ زخمی ہوگئیں تھیں۔زخمی بہنیں ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ادھار کے لین دین پرفائرنگ کی ، مفرور ملزم کو جلد گرفتار کر لیں گے۔
واضح رہے کہ معاشرتے میں بڑھتے ہوئے زیادتی اور قتل کے وارداتوں نے خواتین، بچوں کی زندگیوں کو محال بنادیا ہے، خواتین اب گھروں میں بھی غیر محفوظ ہیں، شہر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، چوری، ڈکیتی، زہزانی اور زیادتی کے واقعات میں کا پیش آنا معمول بن چکا ہے، عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں تشدد اور قتل جیسے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، یوں دکھائی دیتا ہےجیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہدرہ کے علاقے میں 26 سالہ خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا ، قتل کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اوعر شواہد اکٹھے کئے، پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شناخت چھبیس سالہ تحرین نام سے کی گئی ۔مقتولہ تحرین کو گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات شروع کردیں۔