(علی اکبر) پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال کے پیش نظرصوبہ میں 18ارب روپے کے صوبائی ٹیکسز معاف کر دیئے اور روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے 25 لاکھ گھرانوں کو 4ہزار روپے فی گھرانہ ادا کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظرصوبہ میں 18ارب کے ٹیکس معاف،25 لاکھ گھرانوں کی مالی امداد کیلئے 10ارب روپے مختص کردیئے ہیں جس سے کرونا کی وجہ سے روزگار سے محروم ہونے والے دیہاڑی دار مزدور طبقے کو چار ہزار روپے ادا کیئے جائیں گے جبکہ کورونا مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر اور ہیلتھ پروفیشنل کو ایک تنخواہ کے برابرسپیشل الاؤنس ملے گا۔ انسداد کورونا مہم میں جاں بحق ہونے والے ملازمین، ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنل کو شہداء پیکیج دیا جائے گا۔صوبہ بھر کی جیلوں میں 3100 قیدیوں کی سزا90 روز کیلئے معطل، انڈر ٹرائل قیدیوں کیلئے سفارشات تیارکی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریض 530 ہیں جبکہ ڈی جی خان میں 207، منڈی بہاوالدین4، ملتان75، ناروال1، لاہور 119، رحیم یار خان 1،گجرات 51، سرگودھا 2،گوجرانوالہ 10،اٹک 1،جہلم 19،بہاولنگر1،راولپنڈی 15، میانوالی2، فیصل آباد 9،ننکانہ صاحب 2 اورخوشاب ایک مریض ہے۔ گزشتہ روزسے صوبہ میں کورونا وائرس کے82مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں آج سے امتناع وبائی امراض آرڈیننس نافظ العمل ہوچکا ہے جس سے انتظامیہ اورمحکمہ صحت کے حکام کو کورونا کنٹرول کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر عملدر آمد میں سہولت ہوگی اور قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت پنجاب صحافیوں کیلئے پیکیج کا بھی جائزہ لے گی۔