( عمر اسلم ) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال اور صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلہ ہوا، رکن قومی اسمبلی اور سینیٹر کوایک ایک لاکھ روپے جبکہ ایم پی اے صدر و جنرل سیکرٹری ضلع کو پچیس پچیس ہزارروپے جمع کروانے کی ہدایت کردی گئی۔
کورونا وائرس کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کا ویڈیو لنک پر اہم اجلاس پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ، پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے گروپ ہیڈ اور تنظیمی عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے " کورونا فنڈ" قائم کیا جائے اور اس کے لئے فنڈ ریزنگ کی جائے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اپنے تمام سینیٹرز، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور تنظیمی عہدیداران سے فنڈز اکھٹے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کے لئے ہر سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی سے فی کس ایک ایک لاکھ روپے، ارکان صوبائی اسمبلی، ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز سے فی کس 25، 25 ہزار روپے لئے جائیں گے اور کورونا سے لڑنے کے لئے فنڈ پارٹی صدر شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کیا گیا ہے۔