لاہور میں کورونا کا ایک اور کیس، مریضوں کی تعداد 116 ہوگئی

لاہور میں کورونا کا ایک اور کیس، مریضوں کی تعداد 116 ہوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)  دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے صوبائی دارالحکومت لاہور  میں بھی ڈیرے ڈال لیے،  ایک اور مریض میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد لاہور میں مہلک وائرس کے کیسز  کی تعداد 116 ہوگئی.

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق شہر میں ایک اور مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد لاہور میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 116 ہو گئی، اب تک پنجاب میں کورونا وائرس سے 5 افراد ہلاک جبکہ 4 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، پنجاب میں کورونا کے 497 کنفرم مریض ہیں۔

 ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر  نےعوام سے گزارش کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آئے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں،متاثرہ ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔

واضح رہے کہ ملک بھرمیں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کر گئی ، وائرس  اب تک 11مریضوں کی جان لے گیا،پنجاب کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں سندھ سے بھی آگے نکل گیا، ڈی جی خان میں 207 مریض سامنے آئے ہیں، سندھ میں 457، خیبر پختونخوا میں 180 ، بلوچستان میں 133 اور اسلام آباد میں 39 افراد کورونا کا شکار ہیں، گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 107 اور آزاد کشمیر میں 2 ہوگئی، پنجاب میں مریضوں کی تعداد 490  سے تجاوز کر گئی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ  کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔

طبی ماہرین نے اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے   لوگوں کوایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کرنے اور ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا۔

Sughra Afzal

Content Writer