رائل پارک (زین مدنی ) پاکستان کی طنز و مزاح سے بھر پور اینی میٹڈ فلم ’ دی ڈونکی کنگ‘ کے مرکزی کردار ’ منگو‘ کی بھی جان لیوا کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے ویڈیو سامنے آئی ہے۔
ویڈیو کا آغاز منگو نے اپنے ڈائیلاگ ’مائی نیم از منگو منگو جان منگو دی واشنگ مشین‘ سے کیا اور کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آ پ سب کورونا وائرس سے ڈرے ہوئے ہیں، لیکن اس وائرس سے ہمیں ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔
منگو نے کہا کہ اس کے خلاف سب سے بڑا ہتھیار تو سماجی دوری ہے، یعنی اپنوں اور غیروں سے فاصلہ رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس دنیا کے190 سے زائد ممالک میں پھیل چکی ہے، دنیا بھر میں اب تک اس وائرس سے 6 لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 27 ہزار زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
پاکستان کو بھی کورونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، وائرس سے 11 مریض ہلاک جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1408 ہوگئی، پنجاب کورونا وائرس کیسز کی تعداد میں سندھ سے بھی آگے نکل گیا، ڈی جی خان میں 207 مریض سامنے آئے ہیں، سندھ میں کیسز کی تعداد 457، خیبر پختونخوا میں 180, بلوچستان میں 133 اور اسلام آباد میں 39 ہے، گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 103 اور آزاد کشمیر میں 2 ہوگئی جبکہ پنجاب میں مریضوں کی تعداد 490 سے تجاوز کر گئی۔