(سٹی 42) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو علاج کیلئے آج شریف میڈیکل سٹی میں شفٹ کیا جائے گا، گزشتہ روز رہائی کے بعد نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات بھی ہوئی۔
جاتی امرا میں میاں نواز شریف کی صحت کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، مریم نواز اور میاں نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان موجود تھے،اجلاس میں نواز شریف کا علاج شریف میڈیکل سٹی سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اُنہیں آج شریف میڈیکل سٹی شفٹ کیا جائے گا، شریف میڈیکل سٹی میں عارضہ قلب سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی میاں نوازشریف کا چیک اپ کریں گے۔
نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں شریف فیملی پر کیسز کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، اجلاس میں میاں شہبازشریف ، میاں نوازشریف کے قانونی مشیر اعظم نذیر تارڑ اور عطااللہ تارڑ نے بھی شرکت کی،سابق وزیراعظم سے جاتی امراء میں مسلم لیگ (ن ) کے رہنما طارق فضل چودھری، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی، ملک احمد خان، لارڈ میئر لاہور کرنل( ر) مبشر جاوید سمیت دیگر نے بھی ملاقات کی۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے جاتی امرا رائیونڈ میں اپنے والد میاں شریف مرحوم، اہلیہ بیگم کلثوم نواز مرحومہ اور بھائی عباس شریف مرحوم کی قبر پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی، میاں محمد نواز شریف کی جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد سابق وزیر اعظم کو پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کر دی گئی۔ جاتی امرا کے اطراف30پولیس اہلکار 24گھنٹے ڈیوٹی دینگے۔
پولیس کے مطابق میاں محمد نواز شریف کی سکیورٹی کیلئے پانچ اہلکار اور ایک گاڑی ہروقت موجود رہے گی۔ پولیس کے مطابق میاں محمد نواز شریف کو بلیوبک کے شیڈول کے مطابق سابق وزیر اعظم کا پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔