ویب ڈیسک : یکم جولائی سے سات جولائی تک ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کےمطابق خصوصی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 95 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بلوچستان کے 16 اضلاع، خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ سندھ کے 8 اضلاع، پنجاب کے 5 اضلاع میں مہم چلائی جائے گی۔ اسلام آباد کی مخصوص یونین کونسلز میں گھر گھر پولیو مہم چلائی جائے گی۔ بلوچستان میں پولیو کیسز کی تشخیص، 40 سے زائد اضلاع کے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے پیش نظر پولیو سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر محمد انوار الحق کا کہنا ہے کہ یہ ویکسینیشن مہم 41 اضلاع میں چلائی جائے گی جس میں سے 11 اضلاع میں جزوی مہم ہوگی۔ یہ ایک انتہائی اہم پولیو مہم ہے، یہ ان علاقوں میں چلائی جارہی ہے جہاں وائرس کی مسلسل موجودگی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔ پولیو پروگرام نے بچوں کی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے اس سال اب تک پانچ پولیو مہمات کا انعقاد کیا ہے۔ والدین کے لیے ضروری ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا کوئی موقع ضائع نہ کریں، اسے قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ہر پولیو مہم میں بھرپور حصہ لیں ۔