(ویب ڈیسک)وفاقی کابینہ کا افغانستان سے ٹرانسپورٹرزکو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینےکا فیصلہ، الیکٹرک پنکھوں کے توانائی سے متعلق معیار مقررکرنے کی منظوری سمیت حج پالیسی 2022 کا نیا مسودہ بھی منظور کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں7 نکاتی ایجنڈا منظور کیا گیا،جس میں افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینےکا فیصلہ کیا گیا۔افغانستان سے پاکستان آنے والے ٹرانسپورٹرز کو 10 روز تسکرہ کی شرط ختم، ویزہ میں مزید توسیع دی جاسکے گی،فیصلہ سے سنٹرل ایشیاء افغانستان میں تجارت کو تقویت ملے گی۔
کابینہ نے قومی ویسٹ منیجمنٹ پالیسی 2022 منظور کرلی، اجلاس میں مختلف ممالک سے متعلق ویزا پالیسی میں تبدیلی کا ایجنڈا بھی منظورکیا گیا،اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 جون کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی گئی،کابینہ کی لیجسلیٹو کمیٹی کے 23 جون کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی، حج پالیسی 2022 کا نیا مسودہ بھی منظور کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تجارت کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے ورک ویزا کیٹیگری میں سب کیٹیگری شامل کی ہے۔
وفاقی وزیر ماحولیات سنیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ خطرناک فضلے کوٹھکانے لگانے سے متعلق اہم پالیسی بنائی گئی عوام اور ماحول کے تحفظ کے لیے یہ پالیسی بہت ضروری ہے۔