جنید ریاض: سی ڈی جی بوائز ہائی سکول تیزاب احاطہ میں خوشحالی سروے کی ٹریننگ، ضرورت سے زائد سٹاف ٹریننگ پر بلوانے پر ٹیچر حافظ محمدارشد بے ہوش ہوگئے، ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ٹیچر کو گنگا رام ہسپتال منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول تیزاب احاطہ میں اساتذہ کی خوشحالی سروے کے سلسلے میں تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ٹریننگ میں انتظامیہ کی جانب سے ضرورت سے زائد سٹاف کوٹریننگ پر بلوانے پر ٹیچر حافظ محمدارشد بے ہوش ہوگئے۔ حافظ محمدارشد طارق ہائی سکول میں بطور ای ایس ٹی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر حافظ محمدارشد کو گنگا رام ہسپتال منتقل کردیا ہے۔سکول ہیڈ ریاض مغل کا کہنا ہے کہ ٹیچر کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب اساتذہ نے ایجوکیشن اتھارٹی سے خوشحالی سروے پر ڈیوٹیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔