(سٹی 42) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں ،مختلف مقدمات میں مطلوب چار اشتہاری ملزمان سمیت 9افراد کو گرفتار کرلیا، چوہنگ کے علاقے میں آموں سے لدا مزدا گرین بیلٹ سے ٹکرا گیا،حادثے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شیرا کوٹ پولیس نے چند ماہ قبل معمولی رنجش پر شہری سیف اللہ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے چار اشتہاری ملزم گرفتار کر لیے،اسی طرح گجرپورہ پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والے دو ملزمان علی اور زوہیب کو ناجائز اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جبکہ گارڈن ٹائون پولیس نے غیر قانونی اسلحہ فروخت کرنے پربین الاضلاعی سمگلروں کے گروہ کے دو ارکان عباد علی اور نوید خان کوگرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولیاں برآمد کرلیں، ملزمان کے پی سے اسلحہ سمگل کرکے پنجاب کے مختلف اضلاع میں سپلائی کرتے تھے۔
سی آئی اے پولیس صدر نے ہیڈ کانسٹیبل رانا اشفاق کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم عمران شوٹر کے دو ساتھیوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عمران سابقہ ریکارڈ یافتہ اور مختلف مقدمات میں جیل بھی جا چکا ہے۔
ادھر نواب ٹائون کے علاقے جوہر ٹائون میں ڈاکو نے اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے والے شہری کو لوٹ کر فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ سٹی فورٹی ٹو نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکو شہری کو اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے کو کہہ رہا ہے جبکہ رقم لینے کے بعد ڈاکو نے شہری پر فائرنگ کر دی اور ڈاکو نے شناخت سے بچنے کے لئے ماسک پہن رکھا ہے جبکہ چوہنگ کے علاقے ملتان روڈ پر آموں سے لدا مزدا گرین بیلٹ سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔