(علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں، ملک کی بنیادیں کھوکھلاکرنے والے عناصر کو حساب دینا پڑے گا،ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی۔
سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر ملک وقو م کے مجرم ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے، اپوزیشن جماعتوں نے کورونا پر بھی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنائی ہوئی ہے،اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بروقت اجتماعی فیصلے کئے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں کو آئندہ بھی سیل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کوروناکی ادویات بلیک کرنیوالے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما منفی سیاست کے علمبردار ہیں، اپوزیشن رہنماؤں نے کورونا پر قومی یگانگت کو بے پناہ نقصان پہنچایا اورقوم میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ اجتماعی فیصلے کئے، لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر فوٹو سیشن کرانے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کا بیڑا غرق کیا،سابق دور میں ہسپتالوں پر توجہ دی گئی نہ دیہی و بنیادی مراکز صحت پر،اپوزیشن والے اپنے دور میں شعبہ صحت کیلئے عملی اقدامات کرتے تو انہیں علاج کیلئے باہر نہ جانا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے،منفی سیاست کو پروان چڑھانے والی اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو چکی ہے، اپوزیشن رہنماؤں کو پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔