(شاہدندیم) کورونا وائرس کی وجہ سے سیل ہونے والے لیسکو کے تمام دفاتر کو عام صارفین کے لئے کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی متعدد سب ڈویژنز میں تعینات ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد کئی دفاتر کو سیل کیا گیا, کورونا کی وجہ سے واپڈا ٹاون، جیا بگا، سمن آباد، پریم نگر، امین پارک سب ڈویژن سمیت دیگر کو سیل کیا گیا تھا۔اسی طرح ایکسین بادامی باغ اور راوی روڈ ڈویژن کے دفاتر کو بھی کیس سامنے آنے پر سیل کردیا گیا تھا،تاہم پیپکو کی پالیسی کے مطابق تمام دفاتر کو دو روز تک مسلسل ڈس انفیکٹڈ کرنے کے بعد لیسکو کےسیل دفاتر کو عام صارفین کے لئے کھول دیا گیا ہے.
لیسکو حکام نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے دفاتر کا وزٹ کریں، تاہم شکایات کا اندراج کروانے کے لئے ٹیلی فون کال کو ترجیح دیں تاکہ کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاو کو روکا جا سکے۔
دوسری جانب کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے پر بند ہونیوالے واپڈا ہاؤس کو بھی دو ہفتے بعد کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ آنے والے ملازمین کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی یدایت کر دی گئی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے بند واپڈا ہاؤس کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، واپڈا سیکرٹری نے سوموار کے روز واپڈا ہاوس کو کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بارہ جون کو تیس کیس سامنے آنے پر واپڈا ہاؤس کو بند کیا گیا تھا تاہم بائیس جون کو نوٹیفکیشن کر کے بندش میں ایک ہفتے کی مزید توسیع کی گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق انتیس جون کو واپڈا ہاؤس آپریشنل ہوگا تاہم کرونا وائرس کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ادھر تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ملازمین کی تعداد کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، سوموار سے واپڈا، این ٹی ڈی سی اور پیپکو سمیت دیگر تمام دفاتر کو کھول دیا جائیگا،بندش کے دوران ضروری انتظامی امور سنی ویو گرڈ اسٹیشن دفتر سے نمٹانے گئے۔