(سعدیہ خان) لاہور شہر اور گردونواح میں گرمی اور حبس کا راج برقرار رہے گا،آج بھی پارہ 42 تک جائے گا محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق زمین جلنے لگی آسمان آگ برسانے لگا،گرمی سے سبھی نڈھال، حبس بڑھنے لگی ہوائیں چلنے کے باوجود موسم میں بہتری نہ آسکی. آج دن کے اوقات میں لاہور کا درجہ حرارت 42 رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ ہفتے لاہور میں داخل ہونے والا سسٹم انتہائی کمزور تھا جو بارشیں نہ برسا سکا جبکہ ایک بار پھر پیش گوئی کی گئی کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوگی۔جون کی جھلسا دینے والی گرمی نے انسانوں کے ساتھ ساتھ چرند پرند کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ رہا جو حبس میں اضافے کا باعث بن رہا، محکمہ موسمیات کا کہناتھا کہ رواں برس جون کے مہینے میں گرمی گزشتہ سال کی نسبتا کم ہے جبکہ گزشتہ سال جون کے آخری ہفتے میں پارہ 47 تک پہنچا گیا تھا۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں اسلام آباد،راولپنڈی ، جہلم،اٹک ،چکوال، خوشاب،سرگودھا،سیالکوٹ، لاہور، گجرات ، گوجرانوالہ،منڈی بہاؤالدین،فیصل آباد، جھنگ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، نارووال، قصور، لیہ اوربھکر میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، علاوہ ازیں ملتان، ڈی جی خان، لیہ، بھکر، راجن پور، بہاولپور اور بہاولنگر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشترعلاقوں جبکہ صوبہ سندھ کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اورخشک رہے گا،چترال ،دیر، بونیر،سوات،مالاکنڈ، مردان،چارسدہ، پشاور، ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔
دوسری جانب صوابی، کوہاٹ، کرم، ٹانک،بنوں اور ڈی آئی خان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔