حافظ شہبازعلی: پاکستان کا 20 رکنی اسکواڈ اور ٹیم انتظامیہ کے دس اراکین کل انگلینڈ خصوصی جیٹ طیارے کے ذریعے انگلینڈ چلے گئے، ٹیم انگلینڈ پہنچ کرقرنطینہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے دور میں آنکھوں میں فتح کے سپنے سجائے قومی کرکٹ ٹیم کے 20 کھلاڑی اور دس آفیشلز انگلینڈ روانہ ہوگئے، قومی ٹیم کے کھلاڑی مقامی ہوٹل کے بائیو سیکیور ماحول سے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ سخت سیکیورٹی میں ائیر پورٹ پہنچے، لاہور ائیر پورٹ پر ضروری کاروائی کے بعد ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے انگلینڈ روانہ ہوگئی۔
انگلینڈ جانے والے اسکواڈ ٹیسٹ کپتان اظہر علی، نائب کپتان بابر اعظم، عابد علی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسی خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمام شنواری، یاسر شاہ انگلینڈ میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔
ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، منیجر منصور رانا، بیٹنگ کوچ یونس خان اور اسپن باولنگ کوچ مشتاق احمد سمیت دس آفیشلز ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ روانہ ہوئے، باولنگ کوچ وقار یونس اور ٹرینر کلف ڈیکن انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔
چیئیر مین پی سی بی احسان مانی اور ان کی اہلیہ بھی خصوصی طیارے پر ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ گئے ہیں احسان مانی اور ان کی اہلیہ کے کورونا ٹیسٹ گذشتہ روز منفی آئے تھے چیئرمین پی سی بی چھٹیاں گزارنے انگلینڈ گئے ہیں۔ احسان مانی اور ان کی اہلیہ کےکورونا وائرس ٹیسٹ جمعہ کے روز کروائے گئے تھے ، یاد رہے کہ بیرون ملک جانے کیلئے کورونا ٹیسٹ منفی ہونا لازمی قراردیاگیا ہے۔
قومی ٹیم خصوصی جیٹ طیارے کے ذریعے انگلینڈ روانہ ہوئی مانچسٹر پہنچنے کے بعد ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز دو ہفتے قرنطینہ کریں گے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز اگست میں شروع ہوگی۔