اساتذہ کی ترقیاں تاخیر کی نذر

اساتذہ کی ترقیاں تاخیر کی نذر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی بد انتظامی، سرکاری کالجوں کے اساتذہ کا ٹریننگ شیڈول فنڈز کی عدم دستیابی کے بعد موخر ہوگیا، فنڈز نہ ہونے پر اساتذہ کی ترقیوں سے مشروط ٹریننگ کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔    

محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے سرکاری کالجوں کے اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے شیڈول جاری کیا تھا اس ٹریننگ کا آغاز 25 جون سے پہلے ہونا تھا تاہم فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث یہ ٹریننگ منسوخ ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایجوکیشن یونیورسٹی کے تحت اساتذہ کی ٹریننگ کا شیڈول جاری کیا گیا تھا، ٹریننگ کے لیے مختص فنڈز 25 جون کو لیپس ہو گئے ہیں اور اب فنڈز نہ ہونے پر ایجوکیشن یونیورسٹی نے کالج اساتذہ کی ٹریننگ کرانے سے معذرت کر لی ہے۔

شیڈول کے مطابق کالجوں کے اساتذہ کی سینیارٹی نمبر 1089 سے لے کر 1277 تک کی سینیارٹی نمبر پر موجود اساتذہ کی ٹریننگ کرائی جانا تھی، محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے کالج اساتذہ کو اگلے گریڈز میں ترقیاں دینے سے پہلے ٹریننگ کو لازمی قرار دے رکھا ہے۔ پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر حافظ عبد الخالق نے سٹی فورٹی ٹو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایجوکیشن یونیورسٹی کو فنڈز فراہم کرنے کے لیے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن اور ڈی پی آئی کالجز نے یقین دہانی کرائی ہے اور فنڈز کا مسئلہ حل ہوتے ہی ٹریننگ کا دوبارہ شیڈول جاری ہوگا۔

 واضح رہے کہ اساتذہ کو ترقیوں کے لیے دو ہفتے کی ٹریننگ میں لازمی طور پر شرکت کرنا ہے۔