سٹی42: محکمہ ایکسائزکالاہورسمیت پنجاب بھر میں یکم جولائی سے تمام پراپرٹیزکا سروے کروانے کا فیصلہ، کمرشل اور رہائشی پراپرٹیز کا تعین کرکے ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔ 3 ارب اضافی وصول ہونے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھرمیں لاکھوں ایسی پراپرٹیزموجود ہیں جوقابل ٹیکس ہونے کے باوجود ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں، ایسی تمام پراپرٹیز کو چیک کیا جائے گا۔ لاہورسمیت پنجاب بھر میں 6 سال بعد سروے کروایا جائے گا، یکم جولائی سے انسپکٹرز اور کانسٹیبلز اپنے زونز میں سروے شروع کریں گے، 6 ماہ کے دوران صوبہ بھرکی جائیدادوں کا سروے مکمل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، سروے کے بعد اعتراضات دور کرنے کے بعد متعلقہ ریٹس کے مطابق نئی پراپرٹیزمالکان سے ٹیکس لیا جائےگا۔
سروے میں کمرشل اوررہائشی جائیدادوں کا تعین بھی کیا جائےگا جبکہ رینٹ پردی گئی جائیدادوں کو ذاتی بتانے والے ٹیکس چوروں کا بھی تعین کیا جائے گا، اس سے پہلےلاہورسمیت صوبہ بھرمیں41 لاکھ پراپرٹیزٹیکس نیٹ میں شامل ہیں جن سے پراپرٹی اورلگژری ٹیکس کی مد میں ہرسال11 ارب روپے وصول ہوتے ہیں۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ سروے کے بعد 14 ارب روپے ٹیکس جمع ہونے کی توقع ہے، صوبہ بھرکی جائیدادوں کا آخری سروے2013 میں کرایا گیا تھا جس سے محکمہ ایکسائز کے ٹیکس 3 ارب کا اضافہ ہوا تھا۔