ویب ڈیسک :لاہور میں اسپیشل سینٹرل عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کی شوگرکےکاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کے کیس میں ضمانت میں 28 فروری تک توسیع کردی۔
لاہور میں اسپیشل سینٹرل عدالت شوگر کےکاروبار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج اعجاز الاحسن اعوان نے کیس پر سماعت کی۔ عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کےلیے شہباز شریف اور دیگر ملزمان کو 28 فروری کو پیش ہونے کی ہدایت کردی اور ضمانت میں 28 فروری تک توسیع کردی۔
اسپیشل سینٹرل عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگرملزمان کے خلاف فرد جرم عائد نہ کرنے کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔فیصلے میں کہا گیا کہ شریک ملزم نےعدالتی دائرہ اختیار پر درخواست دائر کی ہے، عدالت نے درخواست پر وکلاء 28 فروری کو دلائل کے لیے طلب کرلیا۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان نے چالان کی صاف کاپیاں نہ ہونے کا اعتراض اٹھایا ہے۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کیا تھا۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری درخواست ضمانت میں 18 فروری تک توسیع بھی کررکھی تھی۔ عدالت نے ملزمان کے وکلاء کو ضمانتوں کی درخواستوں پر دلائل دینے کی ہدایت بھی کررکھی تھی۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف 16 ارب روپے سے زائد منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کررکھا ہے۔ شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے گرفتاری کے خوف سے عبوری درخواست ضمانت کروا رکھی تھی۔