ویب ڈیسک: گال میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو247 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کی جانب سے دئیے گئے 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہو گئی اور بابر اعظم کے سوا کوئی بھی بلے باز لنکن باؤلرز کا جم کر سامنا نہ کر سکا، پوری ٹیم 261 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
گال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 89 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو امام الحق 46 اور بابر اعظم 26 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم 97 کے مجموعے پر امام الحق 49 رنز بنا کر رمیش مینڈس کا شکار بن گئے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنا اسکور آگے بڑھاتے ہوئے ففٹی اسکور کی اور وہ 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 37 رنز بنا سکے۔
فواد عالم ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور آغا سلمان 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ یاسر شاہ 27 رنز بنا کر جے سوریا کا شکار بنے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جو 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے 5 جبکہ رمیش مینڈس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ایک پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔