(درنایاب)کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کورونا کی روک تھام کے لئے بڑا فیصلہ ، پارکوں، تفریحی مقامات پر ماسک کے بغیر داخلہ پر پابندی، ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر سرکاری خدمات کی فراہمی ماسک پہننے سے مشروط، ویکسی نیٹڈ افراد کے لئےمختلف اشیاء پر خصوصی ڈسکاؤنٹ آفرز پر بھی غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک بھی شریک ہوئے، اجلاس میں سی سی او لاہور شوکت علی ،تمام اے سیز اور سی ای او ہیلتھ اتھارٹی لاہور نے بھی شرکت کی ، کمشنر لاہور نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی۔
کمشنر لاہور نے بغیر ویکسی نیشن نئی سم یا تبدیلی سم پر پابندی لگانے کا بھی عندیہ دیا، کمشنر لاہور نے کہا کہ مارکیٹوں میں دوکانداروں کو ترجیحی بنیاد پر ویکسین لگائی جائےگی، بغیر ویکسی نیشن مسافروں پر پبلک ٹرانسپورٹ، ریل سفر پر مکمل پابندی لگائی جا سکتی ہے، اجلاس میں بغیر ویکسینیشن ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر سرکاری خدمات محدود کرنے پر بھی غور کیا گیا ۔
واضح رہے کہ وبائی مرض کورونا کے سدباب کے لئے پنجاب حکومت نے ویکسی نیشن مہم شروع کردی ہے،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم کا کہناتھا کہ شہر لاہور میں خصوصی ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہوچکا ہے،خصوصی ویکسی نیشن مہم 26 جولائی سے 10 اگست تک جاری رہے گی،مہم کے دوران شہریوں کوگھر گھر جاکر ویکسین لگائی جائے گی۔
سارہ اسلم کا کہناتھا کہ خصوصی مہم لاہور ، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں شروع کی جا رہی ہے،پہلے مرحلے میں لاہور ، ملتان، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی 40 فیصد آبادی کو ویکسی نیٹ کیا جائے گا،مہم کے دوران راولپنڈی کی 70 فیصد آبادی کو بھی ویکسی نیٹ کیا جائے گا،عوامی سہولت کے پیش نظر یونین کونسل کی سطح پر گھر گھر مہم چلائی جا ئے گی۔