(علی اکبر) قومی تاجر اتحاد نےحکومت سے فیصلہ پر نظر ثانی کی اپیل کردی، اس حوالے سے صدر قومی تاجر اتحاد ملک خالد اور شیخ عمر حیات نے اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی تاجر اتحاد نے 8 روزہ لاک ڈاؤن کےفیصلے پرحکومت سےنظر ثانی کی اپیل کردی، اس سلسلے میں صدر قومی تاجر اتحاد ملک خالد اور شیخ عمر حیات نے اجلاس طلب کر لیا۔صدر قومی تاجر اتحاد شیخ عمر حیات کا کہناتھا کہ حکومت عید کے دنوں میں 24 گھنٹے مارکیٹ کھولنے کی اجازات دے، سال میں عید ایام تاجروں کے لیے اہمیت کے حامل ہیں، حکومت اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت پنجاب نے کورونا وائرس سے بچاؤ اور عوامی حفاظت کے لئے 8 روزہ لاک ڈاون کا اعلان کیا تھا، پنجاب میں 5 اگست کے بعد مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور دکانیں کھلیں گی،حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہوئے لاہور چیمبر بھی تاجروں کی حمایت میں آگیا تھا، عرفان اقبال شیخ کا کہناتھا کہ مارکیٹس و بازار بند ہونے کے حق میں نہیں،لاک ڈاؤن سےچھوٹا تاجر اور ملازمین متاثر ہوں گے،خالد پرویز اور حارث عتیق نےحکومتی فیصلہ مسترد کردیا۔صدر عرفان اقبال شیخ کہتے ہیں کہ 8 روز طویل لاک ڈاؤن سےچھوٹےتاجراور ان کے ملازمین اورخاندان رل جائیں گے۔
عرفان اقبال شیخ نےکہا کہ پنجاب حکومت 8 روزہ لاک ڈاون کی بجائےمارکیٹس کھولنے اور انکے اوقات کار بڑھانے کا اعلان کرے،،موجودہ فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے۔ایوان صنعت وتجارت کےایگزیکٹیو کمیٹی ممبراورانارکلی بازار کے نوجوان تاجر رہنما حارث عتیق نےکہا کہ پنجاب حکومت کے8 روزہ لاک ڈاون کے فیصلے سے تاجر برادری کو شدید دھچکا لگا۔
حکومت نے لاک ڈاؤن کا اعلان کرکے چھوٹے تاجروں،ان کے ملازمین اور خاندانوں کو فاقے کرنے پر مجبورکردیا۔لاہور چیمبر آف کامرس کےقائدین نے پنجاب حکومت سےمطالبہ کیا کہ 8 روزہ لاک ڈاون کے فیصلے کو فوری واپس لیا جائے۔