(سعدیہ خان) لاہور میں موسم کے خوبصورت نظارے، کہیں بادل، تو کہیں رم جھم، ابرِرحمت نے شہر سے گرمی بھگادی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سپیل کچھ روزمزید لاہور میں ہی قیام کرے گا۔
باغوں کے شہر لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، بارش اور ٹھنڈی ہوا نے شہر کی فضا کو خوشگوار بنا دیا، گرمی کا سارا زور صبح کے اوقات میں ہونیوالی بارش میں ہی بہہ گیا، درخت بارش میں نہاکر ہوا کیساتھ اٹھکھیلیاں کررہے ہیں، آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک، مال روڈ، شاد باغ، ناخدا چوک اور ایئر پورٹ اور ملحقہ علاقوں میں ریکارڈ کی گئی، دن کے اوقات میں بھی شہر میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور بوندا باندی کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ اگست کے آغاز تک برقرار رہے گا جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے۔