قذافی بٹ: شہر کو صاف ستھرا کرنے کیلئے واٹس ایپ کے استعمال کا بھی فیصلہ، افسران آفس بیٹھ کر صفائی کی نگرانی واٹس ایپ کے ذریعے کرینگے، ایل ڈبلیو ایم سی نے لاہور کی صفائی کی مانیٹرنگ کا پلان تیار کرلیا ہے۔
شہر میں صفائی کی مانیٹرنگ کیلئے واٹس ایپ کا استعمال کیا جائے گا، اب افسر فیلڈ میں جائے یا نہ جائے وہ گھر ہو یادفتر، واٹس ایپ پر بیٹھ کر شہر کی صفائی کو یقینی بنائے گا۔ وزیر صنعت اسلم اقبال کی زیر صدارت ایل ڈبلیوایم سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے 9 ٹاؤنز کے واٹس ایپ گروپ بنا کر صفائی مہم کی موثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ واٹس ایپ گروپ میں متعلقہ ٹاؤنز کے ذمہ داران روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو مانیٹرکریں گے۔
لاہور کی تمام 272 یونین کونسلز سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھایا جائے گا جبکہ ایل ڈبلیو ایم سی میں اصلاحات لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلم اقبال نے کہا کہ شہر کا ہر علاقہ صاف ستھرا اور کچرے سے پاک دیکھنا چاہتا ہوں، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور اہلکار محنت اور دیانتداری سے فرائض سرانجام دیں۔
اجلاس میں چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی امجد خان نیازی، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور الامین مینگل، ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی سمیت متعدد متعلقہ افسران شریک ہوئے۔