شاہدرہ میں افسوسناک واقعہ، 11 افراد جاں بحق

شاہدرہ میں افسوسناک واقعہ، 11 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ندیم خالد) شاہدرہ کے علاقے امامیہ کالونی میں واقع فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی چھت گرنے سے 11 افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے۔

امامیہ کالونی میں غلام رسول نامی شخص کی پرفیوم بنانے والی دو منزلہ فیکٹری میں سلنڈ رپھٹنے سے آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی بالائی منزل پر واقع کوارٹرز کی چھت گرنےسے11   افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونیوالے 65 سالہ زاہد کے بیٹے عمران کا کہنا تھا کہ وہ سوئے ہوئے تھے جب دھماکہ ہوا اور عمارت گر گئی۔

ریسکیو آپریشن مکمل ہونے سے قبل 4 افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکالا گیا، تاہم بعد میں فیکٹری کے اندر جا کر ملبہ ہٹایا گیا تو مزید7افراد کی لاشیں ملیں، جاں بحق ہونیوالوں میں 65 سالہ زاہد، اسکی اہلیہ رشیداں، 6 سالہ اریبہ اور 9سالہ موسیٰ بھی شامل ہیں۔

ڈی او، ریسکیو رانا اعجاز کا کہنا  ہےکہ آتشزدگی پر قابو پالیا گیا تھا تاہم کرین کی مدد سے فیکٹری کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، مزید افراد کا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

فیکٹری میں لگنے والی آگ پر ریسکیو 1122کی10 گاڑیوں اور ایمبولینسز نے آپریشن میں حصہ لیا، آتشزدگی کے وقت مزدور فیکٹری میں کام میں مصروف تھے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے امامیہ کالونی میں آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنرلاہور ڈویژن سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer