(سعدیہ خان) فنڈز کی کمی کے باعث لاہور جلو زو کی ڈویلپمنٹ اور ایمپاورمنٹ کا منصوبہ تاخیر اور سست روی کا شکار ہے، 19-2018 کے ترقیاتی بجٹ سے فنڈ ریلیز نہ ہو سکے، جلو زو میں ٹکٹ لگانے کی تجویز بھی بھیج دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جلو زو کی ڈویلپمنٹ کا منصوبہ جولائی 2016 میں شروع کیا گیا، جسے جون 2019 میں مکمل کیا جانا تھا، منصوبے کے لیے کل 398.6 ملین لاگت کا بجٹ منظور کیا گیا، تین سال گزر جانے کے باوجود جاری ترقیاتی کاموں کے لیے صرف چالیس فیصد فنڈ جاری ہو سکے ہیں۔
رواں مالی سال میں منصوبے کے لیے منظور شدہ فنڈر ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے منصوبہ کو مکمل کرنے کے لیے محکمہ وائلڈ لائف نے مزید ایک سال کا وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کو جون 2020 میں مکمل کرنے کی تجویز بھیج دی گئی ہے، جب کہ دوسری جانب محکمہ کو مالیاتی سپورٹ دینے کے لیے جلو زو پر 20 روپے فی آدمی ٹکٹ لگانے کی تجویز بھی بھیجی گئی ہے۔