ویب ڈیسک:اسلام آباد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ کے سرچ وارنٹس لینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں اسلام آباد پولیس نے اب عمران خان کی رہائش گاہ کے سرچ وارنٹس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی بنی گالا رہائش گاہ کے سرچ وارنٹس کی مجسٹریٹ سے اجازت لینے کے لئے درخواست تیار کرلی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہباز گل کیس میں عمران خان کا گھر اور لینڈ لائن نمبر استعمال ہوا ہے، اور مقدمے کی تفتیش کے لئے عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ کی سرچنگ ضروری ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملزم شہباز گل کیس تفتیش کے مراحل میں ہے اس مرحلہ میں تفتیش کے متعلق غلط افواہیں پھیلانا کیس پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق غلط افواہیں پھیلا کر عوام میں اشتعال انگیزی پھیلائی جارہی ہے، عوام سے گزارش ہے کہ ایسی افواہوں پر کان نہ دھریں۔