ویب ڈیسک:سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں آئندہ عام انتخابات آئندہ سال کے اختتام پر موجودہ پارلیمنٹ کی میعاد مکمل ہونے کے بعد ہوں گے اور نئے انتخابات تک موجودہ اتحاد کی حکومت اقتدار میں رہ کر عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔
ایوان صدر میں بلاول بھٹو زرداری کی بطور وزیر خارجہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ایوان صدر ویران و برباد لگ رہا ہے، ہم جلد ہی جب یہاں آئیں گے تو اس برباد ایوان صدر کی رونق اور شان و شوکت کو بحال کردیں گے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں ہولناک چیلنج ملے ہیں، قومی معیشت تباہ ہو کر رہ گئی ہے جبکہ ملک گوناگوں مسائل سے دوچار ہے، عوام مہنگائی سے نڈھال ہیں اور گزشتہ حکومت نے مل جل کر خارجہ تعلقات کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ ان تمام امور کو درست کرنے کے لیے حکومت کو وقت اور سخت محنت درکار ہوگی، یہ توقع کی جانی چاہیے کہ حکومت میں شامل لوگ ملک کو ان تکالیف سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں عام انتخابات آئندہ سال کے اختتام پر موجودہ پارلیمنٹ کی میعاد مکمل ہونے کے بعد ہوں گے اور نئے انتخابات تک موجودہ اتحاد کی حکومت اقتدار میں رہ کر عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔
بعدازاں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے استفسار کیا گیا کہ آئندہ سال کے اختتام سے مراد دسمبر 2023 میں انتخابات ہوں گے تو انہوں نے کہا کہ اگست تک قومی اور صوبائی اسمبلیاں موجود رہیں گی، اس طرح دسمبر کا مہینہ آسکتا ہے۔