(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے آج ہونیوالے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر خفیہ رائے شماری ہوگی، مسلم لیگ (ن) نے دوست محمد مزاری کی حمایت کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے ہوگا، اجلاس کی صدارت اسپیکر چودھری پرویز الہٰی کریں گے، اجلاس کا ایجنڈاا جاری کردیا گیا، اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں شرکت کیلئے اراکان اسمبلی کیلئے خصوصی طور پر ایس او پیز بھی جاری کردیئے گئے، جن کے مطابق اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ مکمل بند ہوگا، ایم پی ایز کو موبائل فونز ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اراکین اسمبلی اپنے موبائل باہر سکیورٹی عملے کو جمع کرائیں گے جبکہ خواتین اراکین اسمبلی کو اپنے ہینڈ بیگز بھی سیکیورٹی عملے کو جمع کرانا ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندورنی کہانی سامنے آگئی، مسلم لیگ ن نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب کی نئی حکمران جماعت نے اعلان کردیا کہ اجلاس میں موبائل فون کی پابندی قبول نہیں کی جائے گی، نون لیگ اور اتحادی کل حکومتی بنچوں پر بیٹھیں گے، اپنے اراکین کو ہدایت کردی کہ تمام اراکین اسمبلی وقت سے پہلے پہنچیں گے۔
واضح رہےکہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے، مسلم لیگ ن کے علاوہ تحریک انصاف کے ناراض گروپ اور پیپلز پارٹی بھی آج دوست محمد مزاری کا ساتھ دیں گے۔
اس سے قبل 16 اپریل کو ہونیوالا پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ خیز رہا تھا، جس سے بچنے کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔