(ویب ڈیسک) حال ہی میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے والے پاکستانی کرکٹر بابر اعظم نے کرکٹ کے میدان میں اپنی کامیابی کا لوہا منوانے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ایک سنگ میل عبورکرلیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد2 ملین تک پہنچ گئی ہے۔بابر اعظم سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم کو ٹوئٹر پر 20 لاکھ فالوورز رکھنے والے پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل تھا تاہم اب بابر اعظم نے یہ اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ بابراعظم نے حال ہی میں بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی میچز میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔بابراعظم نے کیرئیر کی 52 ویں اننگز میں 2000 رنز کا سنگ میل عبور کیا جب کہ ویرات کوہلی نے 56 اننگز میں تیز ترین 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔