لوئر مال(علی ساہی،حسن خالد) بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے پر چالانوں کا سلسلہ جاری، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 90 ہزار گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔
سی ٹی او لاہور نے تمام ڈی ایس پیز کو ہدایات کی ہیں کہ بغیر ماسک شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس دفاتر اور کاغذات واپسی سنٹرز میں نہ آنے دیا جائے، ماسک نہ پہننے والے موٹرسائیکل اور کار سواروں کے چالان کیے جائیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چالان کا مقصد شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، کار میں بغیر ماسک ایک فرد کا چالان نہیں کیا جائے گا، دو یا دو سے زائد افراد کیلئے ماسک ضروری ہے، موٹرسائیکل پر سنگل سوار ہونے کی صورت میں چالان نہیں کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کی ہدایت پر بغیر ماسک ڈرائیونگ کرنے والوں کیخلاف پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 13 مقدمات بھی درج کیے گئے، 50 فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1278 گاڑیاں بھی بند کی گئیں، 1 لاکھ 32 ہزار موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے، 13 ہزار سے زائد کاروں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا وائرس نے ڈیرے ڈال لیے، کورونا نے مزید49 لاہوریوں کی جان لے لی، کورونا کے مزید 1 ہزار 257 نئے مریض سامنے آگئے، اس وقت لاہور کے سرکاری و پرائیوٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 823 کنفرم مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 273 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔