( عابد چودھری ) فیکٹری ایریا کے علاقے فیروزپور روڈ پر بریک فیل ہونے سے مسافر بس شہریوں اور موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی، حادثے کے نتیجے میں 2 بچوں اور خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، پولیس نے بس ڈرائیور کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقے فیروز پور روڈ پر جنرل ہسپتال کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں گجومتہ کی جانب جانے والی مسافر بس کی بریک اچانک فیل ہو گئی۔ بس بے قابو ہو کر راہ گیروں اور موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی، حادثے کے نتیجے میں 6 سالہ اویس، 7 سالہ علی حیدر اور 45 سالہ کنیز اختر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ موقع پر موجود مشتعل افراد نے ٹریفک بلاک کر کے بس پر پتھراؤ کرتے ہوئے بس کے شیشے بھی توڑ ڈالے۔ پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں جنرل ہسپتال منتقل کر دیں اوربس ڈرائیور کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔